سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کی نماز جنازہ ادا

Published On 07 February,2023 02:23 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔

پرویز مشرف کی نماز جنازہ ملیر کینٹ پولو گراؤنڈ کراچی میں ادا کی گئی، نماز جنازہ میں فوجی افسران سمیت لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

سابق صدر پرویز مشرف کے جنازے میں بیٹے بلال مشرف سمیت قریبی عزیز و اقارب نے شرکت کی، جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد، سابق جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل احسان الحق، سابق آرمی چیفس جنرل اسلم بیگ، جنرل قمر جاوید باجوہ اور جنرل اشفاق پرویز کیانی، سابق وفاقی سیکرٹری سید انور محمود بھی شریک ہوئے۔

جنازے میں ایم کیوایم پاکستان کے ڈپٹی کنونیئر خالد مقبول، مصطفیٰ کمال، فاروق ستار، فروغ نسیم، امین الحق، فواد چودھری، امیر مقام، عمران اسماعیل، سماجی شخصیت جاوید جبار، سابق چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے بھی شرکت کی۔

گزشتہ شب سابق صدر پرویز مشرف کی میت کو لے کر خصوصی طیارہ دبئی سے کراچی پہنچا تھا، سابق صدر کے جسد خاکی کے ساتھ ان کی اہلیہ، بیٹی اور بیٹا بھی کراچی پہنچے۔

واضح رہے کہ سابق صدر و آرمی چیف جنرل (ر) پرویز مشرف طویل علالت کے بعد 79 برس کی عمر میں دبئی میں انتقال کر گئے تھے، وہ دبئی کے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے۔

Advertisement