اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کیلئے عطیات جمع کرنے کی ملک گیر مہم چلانے کی ہدایت کر دی۔
اس حوالے سے وزیراعظم نے تعلیم، مذہبی امور، خزانہ، تجارت، معاشی امور کے وزراء اور صوبائی حکومتوں کو عطیات جمع کرنے کی مہم میں بھرپور حصہ لینے کا حکم دے دیا۔
ایوان ہائے صنعت و تجارت، کاروباری برادری، مخیر حضرات ، علماء کرام، تعلیمی اداروں سمیت معاشرے کے تمام طبقات کو مہم میں شامل کیا جائے گا، وزیر تعلیم رانا تنویر حسین کو تعلیمی اداروں میں عطیات جمع کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔
وزیر تعلیم رانا تنویر حسین طالب علموں کو عطیات دینے کی اپیل کریں گے، اس حوالے سے تعلیمی اداروں میں ترکیہ کے عوام کیلئے خصوصی کیمپ لگائے جائیں گے، جمع ہونے والے عطیات ترکیہ کے عوام کی مدد کیلئے استعمال ہوں گے۔
وزیر مذہبی امور علماء کرام اور مذہبی طبقات سے رابطہ کرکے ترکیہ کے عوام کی مدد کیلئے رائے عامہ ہموار کریں گے، وزیر اعظم نے عوام سے بھی ترکیہ کے مصیبت زدہ بھائیوں، بہنوں کیلئے دل کھول کر عطیات دینے کی اپیل کی۔