فواد چودھری نے وزیراعظم کیخلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائرکردی

Published On 12 April,2023 03:28 pm

اسلام آباد: (دنیانیوز) رہنما تحریک انصاف و سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے نواز شریف کے بیرون ملک جانے کی اجازت کےکیس میں وزیراعظم شہباز شریف کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی۔

سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں فواد چودھری کی جانب سے استدعا کی گئی ہے کہ لاہور ہائی کورٹ کو حکم دیا جائے کہ نواز شریف کے بیرون ملک جانےکی اجازت کیس میں مجھےفریق بنایا جائے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہےکہ شہباز شریف،  نواز شریف کی خرابی صحت کے باعث بیرون ملک جانے کے ضامن تھے، نواز شریف مفرور مجرم ہیں، شہباز شریف کو بطور ضامن نواز شریف کو ملک واپس لانا تھا لیکن انہوں نے سفارتی پاسپورٹ جاری کردیا۔

یہ بھی پڑھیں :عدالتی فیصلوں پر عمل نہ ہوا تو لوگ سڑکوں پرنکلیں گے : فوادچودھری

فواد چودھری کا کہنا ہےکہ لاہور ہائی کورٹ نے کیس میں فریق بننےکی میری درخواست مسترد کی،لاہور ہائی کورٹ کو حکم دیا جائےکہ کیس میں مجھےفریق بنایا جائے۔

درخواست میں وزیراعظم شہباز شریف اور ریاست کو فریق بنایا گیا ہے۔


 

Advertisement