راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبے کی مکمل حمایت کیلئے پرعزم ہیں، چین کے ساتھ اسٹریٹجک تعلقات کو اہمیت دیتے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے چینی وزیر خارجہ نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں ملاقات کی، ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سکیورٹی کی صورتحال پر بات چیت ہوئی، ملاقات میں دفاعی تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ پاکستان چین کے ساتھ اسٹریٹجک تعلقات اور سی پیک منصوبے کی مکمل حمایت کیلئے پرعزم ہے، آرمی چیف نے علاقائی اور عالمی امور پر پاکستان کی حمایت پر چین کے کردار کو بھی سراہا۔
یہ بھی پڑھیں:آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے قائم مقام افغان وزیرخارجہ کی ملاقات
آئی ایس پی آر کے مطابق چینی وزیر خارجہ نے دونوں ممالک میں طویل مدتی اسٹریٹجک تعلقات کی اہمیت پر زور دیا، چینی وزیر خارجہ نے سی پیک منصوبوں پر پیش رفت پر اظہار اطمینان اور منصوبوں کی بروقت تکمیل کے عزم کا بھی اظہار کیا۔
چینی وزیر خارجہ نے سی پیک منصوبوں میں چینی باشندوں کی سکیورٹی کیلئے مسلح افواج کے کردار کی بھی تعریف کی۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ آرمی چیف سے افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ نے بھی ملاقات کی، اس موقع پر دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات اور سرحد کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔