13 پارٹیاں سازش کے تحت جمہوریت کا گلا گھونٹنا چاہتی ہیں: شیخ رشید

Published On 08 May,2023 12:44 pm

راولپنڈی : (دنیانیوز) سابق وزیرداخلہ و سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد کاکہنا ہے کہ 13پارٹیاں انتشار اور خلفشار سے سوچی سمجھی سازش کے تحت جمہوریت گلا گھونٹنا چاہتی ہیں۔

سابق وزیرداخلہ و سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں کہا ہے کہ پوری قوم سپریم کورٹ کے پیچھے کھڑی ہے، سپریم کورٹ آئین اور قانون کے مطابق فیصلہ کرے گی، اس ملک میں یا سیاسی استحکام آئے گا یا سیاسی انقلاب آئے گا۔

سربراہ عوامی تحریک کاکہنا تھا کہ 13پارٹیوں کی سیاست کو عوام زندہ دفن کردے گی، جو عدلیہ کے آئین اور قانون کا فیصلہ نہیں مانے گا وہ آئین اور قانون کے شکنجے میں آجائے گا۔

ان کاکہنا تھا کہ ایک سال میں امپورٹڈ حکومت نے ملک کو معاشی، سیاسی،اقتصادی گڑھے میں گرادیا ہے، نہ عدلیہ کے کہنے پر پیسے دیے نہ سکیورٹی دی، نہ ہی اسمبلی کی کارروائی کی کاپی دی،جس کا نتیجہ کھلی آئینی اور قانونی جنگ نکلے گا۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ میں بشکیک سے3روزہ دورے کے بعد پاکستان پہنچ چکا ہوں ، آج سے آخری5اوورز کا سیاسی میچ شروع ہوگیا ہے، اس میچ میں تھرڈ امپائر کی ضرورت نہیں پڑے گی، عنقریب آئینی،قانونی معاملات پر عدلیہ کی طرف سے فیصلہ آکر رہےگا۔