لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں جاری یزیدیت کیخلاف آخری دم تک مزاحمت کروں گا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ شدید گرم موسم میں ہمارے گرفتار کارکن تنگ و تاریک کوٹھڑیوں میں ٹھونس دیے گئے ہیں، متعدد کارکنان کو دورانِ حراست بدترین تشدد کا سامنا ہے، اس یزیدیت کے سامنے سَرنِگوں ہونے کا مطلب بحیثیت قوم ہماری موت ہے۔
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) May 23, 2023
حکومت کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف پر کریک ڈاؤن اور رہنماؤں کی پارٹی سے علیحدگی کے معاملہ عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف کے کارکنان اور حمایتیوں کی طرح وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو بھی ضمانت ملنے کے باوجود پھر سے گرفتار کر لیا گیا ہے، اب ہم پوری طرح جنگل کے قانون کی زد میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہاں جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا اصول ہی اصل دستور ہے، ملک میں اس لاقانونیت کی راہ میں واحد رکاوٹ ہماری عدلیہ ہے، عدالتِ عظمیٰ کے احکامات کے ساتھ آئین کو بھی نہایت بےرحمی اور ڈھٹائی سے روندا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی ارکان کے پارٹی چھوڑنے پر عمران خان کا ردِ عمل بھی آگیا
عمران خان کا کہنا تھا کہ پولیس کے ذریعے تحریک انصاف کو کچلنے کا سلسلہ جاری ہے، ہمارے قائدین کو تحریک چھوڑنے پر مجبور کیا جا رہا ہے، سرِعام انسانی حقوق کا خون کیا جارہا ہے۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ میڈیا کا گلا گھونٹا جا چکا ہے جبکہ سوشل میڈیا کارکنان، ایکٹیویسٹس کو ڈرانے دھمکانے کا سلسلہ بھی جاری ہے، انہوں نے کہا کہ عدالتی احکامات کے باوجود عمران ریاض کو عدالت میں پیش نہیں کیا جا رہا۔