اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما فیصل واوڈا نے کہا کہ صدر صاحب نے جو کام کیا وہ دشمن بھی نہیں کر سکتا، پی ٹی آئی سے جو کام کرا دیئے گئے ہیں وہ پابندی کیلئے کافی ہیں لیکن پی ٹی آئی پر پابندی نہیں لگنی چاہیے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ کے کیس میں کرپشن ڈھونڈنا کوئی راکٹ سائنس نہیں، امید ہے قانون اپنا راستہ لے گا۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ سانپ اور کیڑوں سے ہٹ کر پہلے پاکستان کا نام رکھنا چاہیے، اب تک ذمہ داری کا مظاہرہ کرتا آیا ہوں، میں 8 ماہ قبل پارٹی سے نکالا گیا، میں نے اس وقت بھی اصول کی بات کی، پی ٹی آئی 8 ماہ قبل آسمان سے باتیں کر رہی تھی، میں اس وقت خان صاحب کو بچا رہا تھا۔
انہوں نے کہا کہ جو بھی چیزیں ہوئیں ان سے پاکستان کا نقصان ہوا، میں کسی کے باپ سے لے کر نہیں کھاتا، میں حق کی سیاست کرتا تھا آج بھی کر رہا ہوں، اتنا بڑا اربوں کا فائدہ دینے کا مقصد تھا کہ آپ نے تیاری پہلے سے کی ہوئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: توڑ پھوڑ انفرادی عمل ہے، کسی جماعت پر پابندی نہیں لگائی جاسکتی: بیرسٹر علی ظفر
فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ ہمیں پیسے آنے جانے سے متعلق کوئی چیز نہیں بتائی گئی، عقل مند آدمی وہ ہوتا جو وقت پر باتیں بتا دے، میں نے خان صاحب کو بتایا تھا کچھ سانپ ان کی جگہ آنے والے ہیں، میں سب کی نشاندہی منہ پر کرتا تھا، آج پہلا قدم میں نے اٹھا لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان وہ آدمی نہیں تھے جو آج نظر آرہے ہیں، اللہ چاہے تو عمران خان پر کوئی آنچ بھی نہیں آسکتی۔
انہوں نے کہا کہ لیڈر وہ ہوتا ہے جو گدھے گھوڑے کا فرق سمجھے، اگر مجھے جانا ہوتا تو 6 مہینے پہلے جاچکا ہوتا۔