معاشی معاملات میں ہماری مہارت نہیں، مداخلت نہیں کرینگے: چیف جسٹس

Published On 05 June,2023 11:40 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیف جسٹس آف پاکستان نے کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیتے ہوئے کہا ہے کہ معاشی معاملات میں ہماری مہارت نہیں ہے، مداخلت نہیں کریں گے۔

چیف جسٹس آف پاکستان عمر عطا بندیال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بنچ نے کے الیکٹرک کی نجکاری سے متعلق کیس کی سماعت کی، دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ہم معاشی معاملات میں مداخلت نہیں کریں گے، معاشی معاملات میں ہماری مہارت نہیں ہے۔

چیف جسٹس نے درخواست گزار کے وکیل رشید رضوی سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ چاہیں تو متعلقہ ہائی کورٹ سے رجوع کر سکتے ہیں، ویسے بھی پارلیمنٹ نے آرٹیکل 184 کی شق 3 سے متعلق 2 قوانین بنائے ہیں، پرانے مقدمات اس لئے سماعت کیلئے مقرر کر رہے ہیں تاکہ دیکھ سکیں لائیو ایشو ہے؟۔

ایڈووکیٹ صلاح الدین نے عدالت کو بتایا کہ کے ایس سی لیبر یونین کے خلاف درخواست بھی آئی ہے، جس پر جسٹس عائشہ ملک نے کہا کہ وہ کیس اس وقت ہمارے سامنے نہیں ہے۔

درخواست گزار کے وکیل نے استدعا کی کہ کیس کی سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کی جائے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ آئندہ ہفتے چھٹیاں شروع ہو رہی ہیں، ججز دستیاب نہیں ہوں گے، آئندہ ہفتے ججز متعلقہ رجسٹریوں میں ہوں گے، آپ ہدایات لے لیں، کل کیس سنیں گے، کے الیکٹرک کی نجکاری کو 18 سال ہو چکے ہیں۔

عدالت نے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کر دی۔

 

Advertisement