گوجرانوالہ: تیل کے گودام میں کھڑے آئل ٹینکرز میں آتشزدگی، 5 افراد جھلس گئے

Published On 10 June,2023 09:18 am

گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) گوجرانوالہ میں تیل کے گودام میں کھڑے آئل ٹینکرز میں آگ لگنے سے 5 افراد جھلس کر زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق آگ لگنے کا واقعہ سیالکوٹ بائی پاس کے قریب معافی والا میں قائم تیل کے گودام میں پیش آیا جہاں کھڑے آئل ٹینکر میں اچانک آگ لگ گئی، آئل ٹینکر کی آگ نے چند ہی لمحوں میں مزید دو تیل کے کنٹینرز اور قریبی پلاسٹک فیکٹری کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

آگ کے باعث گودام میں کام کرنے والے 5 افراد جھلس کر زخمی ہوگئے، جنہیں ریسکیو اہلکاروں نے تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا، تاہم ہسپتال میں برن سینٹر نہ ہونے کے باعث تمام زخمیوں کو لاہور جنرل ہسپتال ریفر کر دیا گیا۔

دوسری جانب ریسکیو اہلکاروں نے 3 گھنٹے کے فائر فائٹنگ آپریشن کے بعد آگ پر قابو پالیا، آپریشن میں ریسکیو کی 10 گاڑیوں نے حصہ لیا، پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔

واضح رہے کہ واقعے میں لاکھوں روپے مالیت کا پٹرول اور قریبی فیکٹری میں موجود پلاسٹک دانہ جل کر خاکستر ہوگیا۔

 

Advertisement