کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان میں ذی الحج کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج کراچی میں ہوگا جس کا باقاعدہ اعلامیہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اجلاس کی صدارت چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے۔
وزارت مذہبی امور، سپارکو، محکمہ موسمیات اور وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے نمائندے بھی اجلاس میں شرکت کریں گے جبکہ رویت ہلال کی زونل کمیٹیوں کے اجلاس متعلقہ شہروں میں ہوں گے۔
خیال رہے کہ ماہرین فلکیات نے پاکستان میں عید الاضحیٰ 29 جون بروز جمعرات کو ہونے کی پیشگوئی کر رکھی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:سعودی عرب میں ذوالحجہ کا چاند نظر آگیا، عید الاضحیٰ 28 جون کو ہوگی
کلائیمنٹ ڈیٹا پروسیسنگ سینٹر کے مطابق عید الاضحیٰ 19 جون بروز پیر 29 ذیقعد کو نظر آنے کا قوی امکان ہے، چاند کی پیدائش 18 جون کی شب 9 بج کر 37 منٹ پر ہوگی، ملک کے بیشتر حصوں میں مطلع کہیں صاف اور کہیں ابر آلود ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق چاند دیکھنے کے دوران غروب سورج 7 بج کر 24 منٹ، غروب قمر 8 بج کر 44 منٹ پر ہونے کا امکان ہے، غروب آفتاب کے وقت کراچی میں چاند کی عمر 34 گھنٹے 13 منٹ ہوگی، چاند نظر آنے کا دورانیہ غروب آفتاب کے بعد 80 منٹ ہے، چاند دکھائی دینے کیلئے اس کی عمر 19 گھنٹے ہونا ضروری ہے۔
دوسری جانب سعودی عرب میں ذی الحج کا چاند نظر آ گیا ہے جس کے مطابق یکم ذی الحج 19 جون بروز پیر کو ہے جبکہ یوم عرفہ 27 جون اور عید الاضحیٰ 28 جون کو ہوگی۔