کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو اور بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ملک سکندر ایڈووکیٹ کے درمیان نگران وزیر اعلیٰ کی نامزدگی کے لیے ملاقات بے نتیجہ ختم ہوگئی، نگران وزیراعلیٰ کے امیدواروں کے ناموں کا تبادلہ نہ ہوسکا، فیصلے کا آج آخری روز ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو سے قائد حزب اختلاف ملک سکندر خان ایڈووکیٹ نے بلوچستان اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد نگران وزیر اعلیٰ کے نام پر مشاورت کے حوالے سے پیر کی شب اسلام آباد میں ملاقات کی۔
ملاقات میں چیئرمین سینیٹ محمد صادرق سنجرانی سمیت بلوچستان عوامی پارٹی کے دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں اپوزیشن لیڈر ملک سکندر خان ایڈووکیٹ اپوزیشن کے سابق ایم این اے انجینیئر میر عثمان بادینی کے نام کی تجویز لے کر ملاقات میں گئے تھے تاہم حکومت کی جانب سے نگران وزیر اعلیٰ کے نام پر اتفاق نہ ہونے کی وجہ سے دونوں جانب سے ناموں کا تبادلہ اور مزید مشاورت نہ کی جا سکی جس کے بعد ملاقات بے نتیجہ ختم ہو گئی۔
اس حوالے سے اپوزیشن لیڈر ملک سکندر ایڈووکیٹ نے بتایا کہ آج وزیر اعلیٰ سے دوبارہ ملاقات متوقع ہے، امید ہے کہ آج ہونے والی ملاقات میں کوئی نام فائنل ہو جائے گا۔
دوسری جانب بی اے پی کے رہنماؤں کا مشاورتی اجلاس پیر کی رات گئے تک جاری رہا۔