اسلام آباد: (دنیا نیوز)سپریم کورٹ میں مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز اور نگران وزیراعظم کے مشیر احد چیمہ کی ضمانت منسوخی کیلئے دائر نیب کی درخواستیں سماعت کیلئے مقرر کردی گئیں۔
نیب نے شمیم شوگر ملز کیس میں آمدن سے زائد اثاثوں کے الزام میں مریم نواز کی ضمانت منسوخی کی درخواست دائر کی تھی جسے عدالت نے سماعت کیلئے مقرر کر دیا ہے۔
چیف جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ 22 اگست کو مریم نواز کی ضمانت منسوخی کی درخواست پر سماعت کرے گا، بنچ میں جسٹس اطہر من اللہ بھی شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:نگران وزیراعظم کے مشیر احد چیمہ کا بیرون ملک جانے کیلئے عدالت سے رجوع
دوسری جانب سپریم کورٹ میں سابق چیئرمین ایل ڈی اے اور نگران وزیراعظم کے مشیر احد چیمہ کی ضمانت منسوخی کی درخواست بھی سماعت کیلئے مقرر کر دی گئی ہے۔
نیب نے احد چیمہ پر منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثوں کا الزام عائد کیا ہے جس میں ضمانت منسوخی کی درخواستیں دائر کی گئی ہیں۔
چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ 25 اگست کو نیب کی درخواست پر سماعت کرے گا۔