پشاور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان اور کابینہ ارکان نے کور ہیڈ کوارٹرز پشاور کا دورہ کیا، وزیراعلیٰ کو سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔
نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان کو دورہ کے دوران نئے ضم شدہ اضلاع (NMDs) میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور پولیس کی استعداد کار بڑھانے کے بارے میں بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی، اجلاس میں کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل حسن اظہر حیات اور دیگر اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔
شرکاء نے سماجی و اقتصادی ترقی کے منصوبوں کی اہمیت پر زور دیا، جس میں نئے ضم شدہ اضلاع (NMDs) میں نئی سیاحتی مقامات اور معدنیات کی ایکسپلوریشن شامل ہیں جو علاقے میں پائیدار امن اور ترقی کے لیے ضروری ہیں، اجلاس میں بارڈر مینجمنٹ کنٹرول کے طریقہ کار کا بھی جائزہ لیا گیا جس میں سامان کی سمگلنگ کی روک تھام کے اقدامات اور مسائل کے حل کے لئے ایک جامع اور مرتب طریقہ کار کو آگے بڑھانے کیلئے سفارشات پیش کی گئیں۔
نگران وزیراعلیٰ نے سی ٹی ڈی سمیت کے پی پولیس کی استعداد کار میں اضافے کی اہمیت پر زور دیا اور صوبے بھر میں دہشت گردانہ حملوں کو ناکام بنانے میں پولیس کی حالیہ کامیابیوں پر اطمینان کا اظہار کیا، شرکاء نے شہداء کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے مادر وطن کی حفاظت، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔