کارکن استقبال کی تیاری کریں، نواز شریف 21 اکتوبر کو وطن واپس آئینگے: شہباز شریف

Published On 12 September,2023 06:13 pm

لندن: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے مسلم لیگ ن کے قائد محمد نواز شریف کی واپسی کے حوالے سے اہم اعلان کر دیا۔

سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ معمار پاکستان اور رہبر عوام محمد نواز شریف 21 اکتوبر کو وطن واپس تشریف لائیں گے۔

 شہباز شریف نے کہا کہ محسن عوام محمد نواز شریف کا وطن آمد پر فقید المثال استقبال کیا جائے گا، ذرائع کے مطابق نواز شریف آئندہ ماہ 21 اکتوبر بروز ہفتہ لاہور لینڈ کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: الیکشن کرانا کمیشن کا آئینی فرض، اپنے قائد کا لاہور میں استقبال کرونگا: شہباز شریف

اس سے قبل مسلم لیگ ن کی لندن میں حسن نواز کے دفتر میں اہم میٹنگ ہوئی، ملاقات میں سابق وزیر اعظم شہباز شریف، سابق وزیر دفاع خواجہ آصف، ملک احمد خان نے شرکت کی۔

میٹنگ میں نواز شریف کی پاکستان واپسی پر قانونی رکاوٹیں اور الیکشن کے علاوہ دیگر اہم امور پر مشاورت کی گئی۔

واضح رہے کہ نواز شریف 19 نومبر2019ء کو علاج معالجہ کے لئے لندن گئے تھے، نواز شریف کے پلیٹ لیٹس خطرناک حد تک گر گئے تھے ان کو ہنگامی طور پر ایئرایمبولینس کے ذریعے لاہور سے لندن منتقل کیا گیا تھا، نوازشریف 3سال 11 ماہ بعد وطن واپس آئیں گے۔