بیجنگ: (دنیا نیوز) نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے کہا کہ عالمی سلامتی کے لئے خطرہ بننے والے چیلنجز سے مؤثر طریقے سے نمٹنے کیلئے عالمی برادری کو یکجا ہونا ہوگا۔
وفاقی وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے چین میں گلوبل پبلک سکیورٹی کوآپریشن فورم کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے باہمی تعاون سے بین الاقوامی سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے پر زور دیا، سرفراز بگٹی نے کہا عالمی برادری کو لیگل فریم ورک کی رہنمائی میں ہم آہنگی کے ساتھ دنیا کو محفوظ بنانے کیلئے کوشش کرنی چاہئیں۔
نگران وزیر داخلہ نے کہا تمام ممالک کو عالمی برادری کے اقدامات سے مشترکہ سلامتی کے فوائد پہنچنے چاہئیں، دنیا کو درپیش سکیورٹی خطرات سے بچاؤ کیلئے مؤثر ڈھانچہ اور میکنزم بنانے کی ضرورت ہے، دہشت گردی، پرتشدد انتہا پسندی، اکثریت پسندی، فرقہ واریت، منظم جرائم اور سائبر کرائم سے دنیا کوخطرات لاحق ہیں۔
سرفراز احمد بگٹی نے کہا چینی صدر شی جن پنگ کی جانب سے عالمی سلامتی کیلئے اقدامات قابل ستائش ہیں، پاکستان ایک محفوظ دنیا کے لئے پائیدار نقطہ نظر کے ساتھ عالمی برادری کے ساتھ کھڑا ہے، گلوبل سکیورٹی کو بڑھانے کیلئے پاکستان ہر قسم کے بین الاقوامی تعاون میں فعال کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔