لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی گوجرانوالہ پہنچ گئے، وزیراعلیٰ محسن نقوی نےعام ڈالے میں سفر کرتے ہوئے لاہور، سیالکوٹ موٹروے کے ساتھ گوجرانوالہ کو لنک کرنے کے پراجیکٹ کا تفصیلی دورہ کیا۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے15.2 کلومیٹر طویل بے نظیر چوک سے واہنڈو تک پورے روٹ کا معائنہ کیا، ارتھ ورک اور سڑک پر پتھر ڈالنے کے کام کی رفتار چیک کی اور زیر تعمیر پلوں کا جائزہ لیا۔
محسن نقوی نے 2 .15 کلو میٹر طویل زیر تعمیر دو رویہ سڑک پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا، نگران وزیراعلیٰ کو بتایا گیا 15.2کلو میٹر طویل لنک روڈ کا تقریباً 90 فیصد ارتھ ورک مکمل ہو چکا ہے، سڑک کے مختلف مقامات پر پتھر ڈالنے کا کام شروع ہے، پلوں کی تعمیر اور سب ویز پر کام جاری ہے، لاہور سیالکوٹ موٹروے کو واہنڈو انٹرچینج سے بے نظیر چوک تک دو رویہ سڑک کے ذریعے گوجرانوالہ سے لنک کیا جائے گا۔
— Government of Punjab (@GovtofPunjabPK) September 26, 2023
نگران وزیراعلیٰ نے منصوبے پر کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا اور ایف ڈبلیو او کے پراجیکٹ ڈائریکٹر اور ان کی ٹیم کو شاباش دی، محسن نقوی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس لنک روڈ کے ساتھ کمرشل ایریا بھی ڈویلپ کیا جائے گا، منصوبے کی تکمیل سے وقت کے ساتھ ایندھن کی مد میں خاطرخواہ بچت ہوگی، وزیراعلیٰ نے منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کیلئے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات دیں۔
نگران وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے کی تکمیل سے گوجرانوالہ کا لاہور سے سفر 45 منٹ رہ جائے گا، 15.2 کلو میٹر طویل دو رویہ کارپیٹڈ سڑک موٹروے کے لئے بہترین رسائی فراہم کرے گی، منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، رائٹ آف وے سے تمام سروسز کی منتقلی کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔
سیکرٹری تعمیرات و مواصلات اور ایف ڈبلیو او کے پراجیکٹ ڈائریکٹر کرنل عمران ارشد نے محسن نقوی کو پراجیکٹ پر ہونے والی پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی، فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کے حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔