پشاور: (دنیا نیوز) نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ اس بات کی کبھی اجازت نہیں دینگے کہ کوئی جتھہ یا تنظیم ہتھیار اٹھائے اور ریاستی رٹ کو چیلنج کرے، حکومت کے بروقت اقدامات کی وجہ سے امریکی ڈالر کی قیمت میں کمی آئی ہے۔
وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کے زیر صدارت خیبر پختونخوا سے متعلق امور پر اہم اجلاس ہوا، وزیراعظم کو خیبر پختونخوا کی امن و امان کی تازہ صورت حال کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، وزیراعظم کو صوبے کو درپیش مالی مسائل کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ سمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کی روک تھام میں پاک فوج کی جانب سے فراہم کی گئی مدد لائق تحسین ہے، سمگلنگ اور کرپشن کو بالکل برداشت نہیں کیا جائے گا، پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم افراد کو واپس بھیجا جا رہا ہے، یہ خیال رکھا جائے کہ قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو اس حوالے سے کوئی دشواری نہ ہو۔
نگران وزیراعظم نے کہا کہ امن و امان اور سکیورٹی کی صورت حال کو بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں، خیبر پختونخوا پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کو مضبوط کرنے کے لیے بھرپور اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے، دہشت گردی کے واقعات سے نمٹنے کے لیے خیبر پختونخواہ پولیس اور انتظامیہ کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: غیرقانونی مقیم غیر ملکیوں کو کسی دشمنی یا ضد سے واپس نہیں بھیج رہے: وزیر اعظم
انہوں نے کہا کہ پولیس کو جدید آلات سے لیس کیا جائے تا کہ دہشت گردی کے عفریت سے بہتر انداز میں نمٹا جا سکے، وفاقی حکومت خیبر پختونخواہ حکومت کو ہر ممکن سہولیات اور وسائل فراہم کرے گی۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج اور پولیس نے لازوال قربانیاں دی ہیں، پوری قوم سکیورٹی فورسز اور پولیس کے ساتھ کھڑی ہے، وفاقی اور صوبائی حکومتیں نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کے لیے کوشاں ہیں۔
نگران وزیراعظم نے خیبر پختونخواہ کو درپیش مالی اور دیگر مسائل حل کرانے کی یقین دہانی کرائی، انہوں نے کہا کہ صوبے اور نوضم شدہ اضلاع کے مسائل کے حوالے سے حکمت عملی تیار کی جائے گی۔