چیئرمین سینیٹ سے غزہ کی صورتحال پر سینیٹ اجلاس بلانے کا مطالبہ

Published On 20 October,2023 09:45 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان کی بڑی سیاسی جماعتوں نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے غزہ کی صورتحال پر سینیٹ اجلاس بلانے کا مطالبہ کر دیا۔

قائد اسینیٹراسحاق ڈار نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو خط لکھ دیا جس میں کہا گیا ہے کہ پچھلے 10 دن سے فلسطین میں صورتحال انتہائی خراب ہے، ہزاروں شہری شہید ہو چکے ہیں۔

خط میں اسحاق ڈار نے لکھا کہ بڑی تعداد میں فلسطینی اسرائیلی بمباری سے شدید زخمی ہیں، اسرائیلی افواج کے غزہ کے محاصرے سے اشیاء خور و نوش، تیل، بجلی اور پینے کا صاف پانی میسر نہیں۔

قائد ایوان سینیٹر اسحاق ڈار نے مطالبہ کیا ہے کہ فلسطین کی موجودہ صورتحال پر سینیٹ کا اجلاس فی الفور بلایا جائے۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ بی اے پی کے پارلیمانی لیڈر منظور کاکڑ نے بھی سینیٹ اجلاس بلانے سے متعلق درخواست کی ہے۔

سینیٹ اجلاس بلانے کے معاملہ پر پیپلزپارٹی سمیت دوسری سیاسی جماعتیں بھی بھی میدان میں آ گئیں، پیپلزپارٹی کے سینیٹر تاج حیدر نے سینیٹ اجلاس ریکوزیشن کیلئے درخواست جمع کرا دی، ایجنڈے میں فلسطین کی موجودہ صورتحال پر غور شامل ہے۔

ایجنڈے کے مطابق غزہ ہسپتال پر اسرائیلی بمباری، بےگناہ فلسطینیوں کی شہادت اور پاکستانی موقف زیر بحث لایا جائے، ذرائع کے مطابق ریکوزیشن پر پی پی، پی ٹی آئی، جے یو آئی ف اور نیشنل پارٹی کے سینیٹرز کے دستخط ہیں۔