سموگ سے متاثرہ اضلاع میں آج لاک ڈاؤن، نقل و حمل مزید محدود

Published On 25 November,2023 09:05 pm

لاہور (دنیا نیوز) پنجاب کے مرکزی شہر لاہور میں سموگ کے باعث آج مکمل لاک ڈاؤن رہے گا جبکہ سموگ سے متاثرہ اضلاع میں نقل و حمل محدود رکھنے کا حکم دے دیا گیا۔

ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے متاثرہ اضلاع میں پابندیوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، گوجرانوالہ، ملتان، سرگودھا، فیصل آباد اور ساہیوال ڈویژنز کے تمام اضلاع پر پابندیاں لاگو ہوں گی، اتوار کے روز بازار دن 4 بجے کے بعد کھولے جا سکیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: مال روڈ لاہور اتوار کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہو گا

نوٹیفکیشن کے مطابق فارمیسیز، میڈیکل سٹورز، پٹرول پمپس، بیکریز، کریانہ سٹورز، یوٹیلیٹی سٹورز، کال سینٹرز اور انٹرنیشنل آئی ٹی سینٹرز پر بابندیوں کا اطلاق نہیں ہو گا، پہلے سے طے شدہ امتحانات اور انٹری ٹیسٹ بھی شیڈول کے مطابق ہوں گے۔

ریلیف کمشنر نبیل جاوید نے متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو سمارٹ لاک ڈاؤن یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دیں، ریلیف کمشنر نے کہا کہ افسر فیلڈ میں موجود رہیں اور احکامات پر عملدرآمد یقینی بنائیں، گزشتہ 2 روزہ لاک ڈاؤن سے سموگ میں کمی واقع ہوئی ہے۔

نبیل جاوید نے مزید کہا کہ شہری ماسک کا استعمال یقینی بنائیں، عوام غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور بچوں کا خاص خیال رکھیں، سموگ جیسی خطرناک آفت کا مقابلہ ملکر کرنا ہو گا، شہری موجودہ صورتحال میں انتظامیہ سے تعاون کریں۔