دبئی : (دنیا نیوز) نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی صدر متحدہ عرب امارات سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔
دونوں رہنماؤں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں جو ہر آزمائش پر پورا اترے ہیں، دونوں رہنماؤں نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ سٹریٹجک تعاون اور بات چیت کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
— PTV News (@PTVNewsOfficial) November 27, 2023
نگران وزیراعظم نے اقتصادی اور مالیاتی شعبے میں یو اے ای کی جانب سے پاکستان کے لئے بھرپور تعاون پر اظہار تشکر کیا، انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ متحدہ عرب امارات 18 لاکھ پاکستانیوں کا گھر ہے، پاکستانی دونوں برادرممالک کی ترقی، خوشحالی اور اقتصادی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔
ملاقات کے دوران مقبوضہ فلسطین میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے حوالے سے علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، نگران وزیراعظم نے عالمی قانون، اقوام متحدہ اور او آئی سی کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ فلسطین کے منصفانہ اور پائیدار حل کے لئے پاکستان کی حمایت کا اظہار کیا۔
انوارالحق کاکڑ نے 28 ویں کانفرنسCOP 28 کے لئے یو اے ای کی صدارت کے لئے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا، وزیراعظم نے مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کو ایک تاریخی اقدام قرار دیا، انہوں نے کہا کہ پاک متحدہ عرب امارات اقتصادی شراکت داری کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔