ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ فیصل مسجد میں نمازعید کی امامت کریں گے

Published On 08 April,2024 12:01 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سعودی عرب کے معروف عالم دین ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ اسلام آباد کی فیصل مسجد میں نماز عید کی امامت کریں گے۔

ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ علمی حلقوں میں معروف ہیں اور ساتھ ہی فلاحی کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں، وہ 10 روزہ دورے پر پاکستان پہنچے ہیں، ملک میں ان کا قیام 16 اپریل تک رہے گا، اس دوران وہ حکام سے بھی ملیں گے، اس دورے کا بنیادی مقصد بین المذاہب اور بین المالک ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔

موتمر عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل اور کونسل آف مسلم سکالرز کے چیئرمین کی حیثیت سے ڈاکٹر محمد عبدالکریم العیسیٰ دینی خدمات کے حوالے سے نمایاں رہے ہیں، اسلامو فوبیا کے خاتمے اور مذہبی بنیاد پر پرامن بقائے باہمی کے فروغ سے متعلق ان کی خدمات کو عالمگیر سطح پر سراہا جاتا رہا ہے۔