گڑھی خدا بخش:(دنیا نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ قائد عوام بھٹو کے جذبے کو مشعلِ راہ بنا کر نئے عزم کو آگے بڑھانا ہوگا۔
پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے حوالے سے گڑھی خدا بخش میں جلسے سے قبل پیغام دیتےہوئے کہا کہ آج کا عظیم الشان جلسہ عام ایک بار پھر غریب و محنت کش عوام میں بھٹو ازم کی وسیع مقبولیت کا عکاس ہوگا۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ آئیے آج نئے عزم کے ساتھ بھٹو کے نظریئے اور اصولوں سے اپنی وابستگی کا اعادہ کرنے کے لیے اقدامات بروئے کار لائیں، آج کا اجتماع محض ایک جلسہ نہیں بلکہ اجتماعی طور قائد عوام کے اصولوں کی پیروی کا اعادہ کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قائدِ عوام کا دیا ہوا پلیٹ فارم وہ ہے جہاں پسماندہ طبقات کی آوازیں سنی جاتی ہیں اور ہر شہری کے حقوق کو تحفظ ملتا ہے، شہید بھٹو کی لیگیسی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے عوام جمع ہو رہے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ شہید بھٹو کیس کے متعلق سپریم کورٹ کا حالیہ فیصلہ سچائی اور انصاف کی نشاندہی کرتا ہے، عدالتی فیصلے میں قائدِ عوام سے ہونے والی سنگین ناانصافی اور منصفانہ ٹرائل کے بنیادی حق سے محروم رکھنے کا اعتراف کیا گیا۔
پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ یہ ایک قانونی فیصلے کے ساتھ ساتھ جمہوریت اور انصاف کے لیے قائد عوام کی غیر متزلزل جدوجہد اور لگن کی اخلاقی توثیق ہے، آپ کی موجودگی بھٹو ازم کی مضبوط لیگیسی اور عوام کے غیر متزلزل جذبے کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ آج ہم شہید بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ ان نظریات کی پاسداری کا بھی عہد کریں جن کی خاطر انہوں نے اپنی زندگی تک قربان کردی۔
انہوں نے کہا کہ آئیے ایک ایسے پاکستان کی تعمیر کی جدوجہد کریں جہاں انصاف کی بالادستی ہو، ایک ایسا پاکستان جہاں جمہوریت پروان چڑھے اور ہر شہری اپنی پوری صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لیے بااختیار ہو۔
پی پی پی چیئرمین نے مزید کہا کہ آئیے سب مل کر قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے حوصلے و جذبے کو مشعلِ راہ بنا کر ایک نئے عزم کے ساتھ آگے بڑھیں۔