لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سردار سلیم حیدر کو گورنر پنجاب نامزد کر دیا۔
سردار سلیم حیدر کا تعلق ضلع اٹک سے ہے اور وہ سابق وفاقی وزیر بھی رہے ہیں، سردار سلیم حیدر پیپلز پارٹی راولپنڈی ڈویژن کے صدر بھی ہیں۔
دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سردار سلیم حیدر نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی نے مجھے خوشخبری سنائی ہے کہ آپ ہمارے گورنر پنجاب ہوں گے، بتایا گیا ہے کہ آج رات تک نوٹیفکیشن جاری ہوجائے گا۔
دوسری جانب پیپلز پارٹی کی جانب سے فیصل کریم کنڈی کو خیبر پختونخوا کا گورنر بنائے جانے کا امکان ہے، پارٹی ذرائع کے مطابق گورنر بننے کی دوڑ میں امجد آفریدی اور عاصمہ عالمگیر بھی شامل ہیں۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا گورنر مقرر کرنے کیلئے مرکزی قیادت کی جانب سے فیصلہ کیا جائے گا۔