لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے پیر تک پنجاب حکومت کو طلباء کو الیکٹرک بائیکس دینے سے روک دیا۔
لاہور ہائیکورٹ میں سموگ کے تدارک سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، جسٹس شاہد کریم نے شہری ہارون فاروق و دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی۔
دوران سماعت عدالت نے حکومت کو طلباء کو الیکٹرک بائیکس دینے سے پیر تک روکتے ہوئے الیکٹرک بائیکس کی قرعہ اندازی عدالتی حکم کے ساتھ مشروط کردی اور منصوبے کی تفصیلات بھی طلب کر لیں۔
عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ الیکٹرک بائیکس کی بجائے حکومت کالجز کو الیکٹرک بسیں فراہم کرے۔
جسٹس شاہد کریم کا کہنا تھا کہ طلباء کو الیکٹرک بائیکس دیں گے تو وہ ون ویلنگ کریں گے، طالب علم لڑکیوں کے تعلیمی اداروں کے باہر جائیں گے، طلبہ کو پبلک ٹرانسپورٹ کی طرف راغب کیا جائے۔
عدالت نے شہروں میں بائیکس کی تقسیم کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔