خیبر پختونخوا حکومت کا چمکنی تا پبی بی آر ٹی بس سروس شروع کرنے کا فیصلہ

Published On 10 July,2024 04:46 pm

پشاور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت خیبرپختونخوا اربن موبیلیٹی اتھارٹی کے بورڈ کا 16 واں اجلاس ہوا۔

اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری کے علاوہ متعلقہ انتظامی سیکرٹریز اور دیگر بورڈ ممبران نے شرکت کی، پشاور اور گردونواح کے علاقوں کے عوام کے لئے اچھی خبر، چمکنی تا پبی (نوشہرہ) بی آر ٹی بس سروس شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

اجلاس میں چمکنی تا حیات آباد رنگ روڈ کو بھی بی آر ٹی روٹ ڈکلیئر کرنے کا فیصلہ کیا گیا، عوام کی سہولت کے لئے مذکورہ روٹ پر بی آر ٹی کی طرز پر بسیں چلائی جائیں گی، اجلاس کو ڈویژنل ہیڈکوارٹرز کے لئے اربن موبیلیٹی پلانز پر بریفنگ دی گئی۔

وزیراعلیٰ نے تمام ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز کے شہری علاقوں میں الیکٹرک بسیں چلانے کی ہدایت کردی، انہوں نے کہا کہ متعلقہ ادارہ اس سلسلے میں دیگر شراکت داروں کے ساتھ مل بیٹھ کر قابل عمل پلانز تیار کرے، اجلاس میں بی آر ٹی بسوں میں والدین کے ساتھ سفر کرنے والے پانچ سال تک کے بچوں کو مفت سفر کرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

علی امین گنڈا پور نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کو معیاری سفری سہولیات فراہم کرنے کے لئے اقدامات کر رہی ہے، اس مقصد کے لئے متعلقہ ادارے اپنی سروس ڈیلیوری کو بہتر بنانے کے لئے اقدامات کریں، عوام کو معیاری سفری سہولیات کی فراہمی کے لئے متعلقہ ادارے اپنے پلانز پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔

وزیراعلیٰ کے پی نے کہا کہ پلانز صرف کاغذوں پر نہیں بننے چاہئیں ان پر ان گراؤنڈ عملدرآمد بھی ہونا چاہئے، بس اڈوں میں مسافروں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی پر توجہ دی جائے، بی آر ٹی پلازوں کی جلد تکمیل اور ان سے آمدن حاصل کرنے کے لئے متعلقہ محکمے مل بیٹھ کر لائحہ عمل تیار کریں۔