عربی لباس پہننے پر خاتون پر حملہ کیس، عدالت کا دہشتگردی کی دفعات ختم کرنے کا حکم

Published On 12 September,2024 11:42 am

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کے علاقے اچھرہ میں عربی لباس پہننے پر خاتون پر حملہ کیس میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔

انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے عربی لباس پہننے پر خاتون پر حملہ کیس پر سماعت کی۔

عدالت نے مقدمے سے دہشت گردی کی دفعات ختم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس ٹرائل کورٹ سیشن عدالت منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔

پولیس نے ملزمان التمش ثقلین، ندیم، محمدعلی عرف چاند بٹ، ملک خرم شہزاد اور عادل سرور کو گنہگار قرار دیا جبکہ ملزمان خالد محمود خالد، علیم الدین اور علامہ ثاقب علی کو بے گناہ قرار دیا گیا۔

یاد رہے کہ خاتون پر حملہ کیس میں ملزمان کے خلاف تھانہ اچھرہ میں مقدمہ درج ہے۔

واضح رہے کہ واقعہ لاہور کے علاقے اچھرہ میں پیش آیا تھا جہاں شوہر کے ساتھ شاپنگ کیلئے آنے والی خاتون کو ان کے لباس کے باعث مشتعل ہجوم نے گھیر لیا تھا، ہجوم نے خاتون کا مقدس الفاظ کی توہین کے شک میں گھیراؤ کیا تھا، خاتون نے جو لباس پہنا ہوا تھا اس پر عربی رسم الخط میں لفظ “حلوہ” تحریر تھا۔