مقبوضہ کشمیر پر بھارتی قبضے کے 77 برس، قومی اسمبلی میں یوم سیاہ کی قرارداد منظور

Published On 25 October,2024 01:43 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مقبوضہ کشمیر پر بھارتی قبضے کے 77 برس مکمل ہونے پر قومی اسمبلی میں یوم سیاہ کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔

قومی اسمبلی میں قرارداد وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام نے پیش کی۔

قرارداد کے متن میں لکھا گیا کہ 27 اکتوبر 1948ء کو مقبوضہ کشمیر پر بھارتی افواج نے قبضہ کیا، اسی قبضے کے خلاف 27 اکتوبر کو یوم سیاہ کے طور پر منایا جاتا ہے، بھارتی افواج کے تسلط کے77 برس مکمل ہونے پر یہ ایوان آج بھی مظلوم کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کرتا ہے۔

متن کے مطابق پاکستان کشمیر کی سیاسی، جمہوری اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کی حمایت کا اعادہ کرتا ہے، ایوان ہزاروں کشمیری کارکنوں کو پابند سلاسل اور مرکزی لیڈرز کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتا ہے۔

قومی اسمبلی میں پیش کی گئی قرارداد میں مزید کہا گیا کہ ایوان بہادر کشمیری عوام کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتا ہے جنہوں نے حق خود ارادیت کیلئے عظیم قربانیاں دیں، یہ ایوان مطالبہ کرتا ہے مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔