خیبرپختونخوا میں اس وقت دو حکومتیں چل رہی ہیں: گورنر فیصل کریم کنڈی

Published On 12 November,2024 03:33 pm

مردان : (دنیا نیوز) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے میں اس وقت دو حکومتیں چل رہی ہیں۔

سابق وزیر اعلیٰ امیر حیدر ہوتی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ ایک حکومت بشریٰ بی بی اور دوسری وزیراعلیٰ چلا رہے ہیں، آئین میں گورنر راج کی شق موجود ہے، صوبے میں ایسی صورتحال نہیں کہ گورنر راج لگایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی کابینہ میں ایک وزیر زیادہ ہے اسے ڈی نوٹیفائڈ کرنا پڑے گا، ہماری نسلوں کو سنوارنے والے اساتذہ آج سڑکوں پر ہیں، صوبے کے پاس تنخواہوں اور پنشن کے لئے پیسے نہیں، 26 یونیورسٹیوں کے وائس چانسلر نہیں ہیں۔

فیصل کریم کنڈی کا مزید کہنا تھا کہ سرکاری ملازمین کو ریاست کے خلاف استعمال کیا گیا، قیدی جلسے جلوسوں سے نہیں عدالتوں سے رہا ہوں گے، باقی صوبوں میں ترقیاتی منصوبے جاری ہیں جبکہ ہمارے ہاں صرف دھرنوں کے اعلانات ہیں۔