عمران سے ملاقات نہ کرانے اور کارکنوں کی گرفتاری کیخلاف توہین عدالت کی درخواست

Published On 13 November,2024 07:20 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) رہنما پاکستان تحریک انصاف اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب نےعمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات نہ کرانے اور پی ٹی آئی گرفتاری کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کردی۔

رہنما پی ٹی آئی اور قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر توہین عدالت کی درخواست میں سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب، جیل سپرنٹنڈنٹ غفورانجم، آر پی او، سی پی او راولپنڈی اور صدر بیرونی کے ایس ایچ او کو فریق بنایا ہے۔

انہوں نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ عدالت کے سامنے جمع کروائی گئی یقین دہانی پر عمل نہ کرنے پر توہین عدالت کے مرتکب افراد کو قانون کے مطابق سزا دی جائے اور عدالت کے حکم کی خلاف ورزی پر فریقین کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔

عمر ایوب نے مؤقف اپنایا ہے کہ فریقین کی طرف سے عدالت کے حکم کوجان بوجھ کر نظرانداز کیا گیا، عدالت کے احکامات کا تمسخر اڑانے پر خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائردرخواست میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار کے پاس آئین کے آرٹیکل 204 کے تحت درخواست دینے کے علاوہ کوئی اور چارہ نہیں ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اڈیالہ جیل میں قید بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے لیے جانے والے پی ٹی آئی کے رہنماؤں کو دفعہ 144 کی خلاف ورزی کی پاداش میں مختصر وقت کے لیے گرفتار کیا گیا تھا اور فوری بعد رہا کردیا گیا تھا۔