کرم میں ادویات کی سپلائی کیلئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا ہیلی کاپٹر فراہم

Published On 04 December,2024 05:19 pm

پشاور:(دنیا نیوز) ضلع کرم میں سڑک کی بندش سے ادویات کی قلت کے معاملہ پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈا نے ضروری ادویات کی ہنگامی بنیادوں پر ترسیل کے لئے اپنا ہیلی کاپٹر فراہم کردیا۔

صوبائی حکومت کے ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا ہیلی کاپٹر آج ضروری ادویات کی دو کنسائنمنٹ لے کر کرم پہنچ گیا، ان ادویات میں 63 لاکھ روپے مالیت کی جان بچانے والی ادویات شامل ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ زمینی راستہ کھلنے تک ہیلی کاپٹر روزانہ کی بنیاد پر ادویات سپلائی کرے گا جبکہ مشیر صحت اور سیکرٹری کرم میں ضروری ادویات کی فراہمی کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ علاقے میں ضروری ادویات کی ہمہ وقت دستیابی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، جب تک زمینی رابطہ مکمل طور پر بحال نہ ہو علاقے میں بذریعہ ہیلی ادویات کی فراہمی کا عمل جاری رکھا جائے۔

علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت علاقے میں ادویات کی فراہمی کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔