اتحاد تنظیمات مدارس اور حکومت کا 2019 کا معاہدہ سامنے آگیا

Published On 08 December,2024 11:05 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اتحاد تنظیمات مدارس اور حکومت کے درمیان اگست 2019 میں ہونے والا معاہدہ سامنے آگیا۔

‎اگست 2019 میں اتحاد تنظیمات نے مدارس کو وزارت تعلیم کے ساتھ منسلک کرنے کے معاہدے پر دستخط کیے، ‎معاہدہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں وفاقی وزیر شفقت محمود نے کیا، ‎معاہدے میں تمام دینی مدارس کو وزارت تعلیم کے ساتھ رجسٹریشن کروانے کا پابند کیا گیا۔

معاہدے میں ‎وزارت تعلیم مدارس کے اعداد و شمار اکٹھے کرنے کی واحد مجاز اتھارٹی تسلیم کی گئی، ‎رجسٹریشن نہ کروانے والے مدارس کو بند کرنے کا مشترکہ فیصلہ کیا گیا، ‎قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر رجسٹریشن منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: مدارس کا تعلق تعلیم سے ہے ، انہیں وزارت تعلیم سے ہی منسلک ہونا چاہیے: طاہر اشرفی

تنظیمات مدارس اور حکومت کے درمیان ہونے والے معاہدے میں ‎مدارس کو بینکوں میں اکاؤنٹ کھولنے کا پابند کیا گیا، ‎غیر ملکی طلبہ کو تعلیم حاصل کرنے کی اجازت دی گئی، ‎یکساں نصاب کے اہداف بھی طے کیے گئے۔

‎معاہدہ تعلیمی اصلاحات کے لیے کیا گیا، ‎حکومت نے مالی امداد اور وسائل کی فراہمی کی یقین دہانی بھی کرائی، ‎معاہدے کو اہم سنگ میل قرار دیا گیا تھا۔ 

 

 

 

پی ٹی آئی دور حکومت میں مدارس کی رجسٹریشن شروع ہو گئی تھی: شفقت محمود

 

 

اس حوالے سے سابق وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے پر بہت تفصیلی مذاکرات ہوئے تھے، تمام مدارس کے سربراہان کے دستخط معاہدے پر موجود ہیں، عملدرآمد کرنے کیلئے وزارت تعلیم نے رجسٹریشن شروع کی۔

شفقت محمود کا مزید کہنا تھا کہ میری اطلاع کے مطابق تقریبا ً 18ہزار مدارس کو رجسٹر کیا گیا، اس معاہدے پر ہماری حکومت کے دوران عملدرآمد شروع ہوگیا تھا۔