محسن نقوی سے امریکی سفیر کی ملاقات، دو طرفہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال

Published On 10 December,2024 12:56 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکا کی قائمقام سفیر نیٹلی بیکر نے ملاقات کی جس میں پاک امریکا تعلقات سمیت دو طرفہ تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران قائمقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے گزشتہ دنوں اسلام آباد میں پولیس اور رینجرز اہلکاروں کی شہادت پر اظہار تعزیت کیا، کنٹری ڈائریکٹر آئی این ایل لائن نیلسن بھی اس موقع پر موجود تھے۔

پاکستان میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے انعقاد پر بھی گفتگو ہوئی، نیٹلی بیکر نے چیمپئنز ٹرافی کے پاکستان میں انعقاد کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

دوران ملاقات اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ امریکا ایف آئی اے کو ایف بی آئی کی طرز پر جدید خطوط پر استوار کرنے میں تعاون فراہم کرے گا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے کو ایف بی آئی کی طرز پر جدید ترین ادارہ بنانا چاہتے ہیں، اس ضمن میں امریکا کے تعاون کا خیر مقدم کریں گے، امریکا نیشنل فرانزک ایجنسی کو جدید تقاضوں کے مطابق فعال کرنے میں بھی معاونت فراہم کرے گا، قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی استعداد کار بڑھانے میں امریکی تعاون انتہائی اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی اورہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئےسول آرمڈ فورسزکوجدید آلات اورسازوسامان کی فراہمی وقت کی ضرورت ہے،سول آرمڈ فورسزکوجدید آلات اور سازوسامان سے لیس کرنا ترجیح ہے، پاکستان اور امریکا کے مابین بہترین تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں۔

’غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو اسلام آباد میں رہنے کی اجازت نہیں دی جائے گی‘

محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ قانونی دستاویزات کے حامل کسی بھی غیر ملکی کو اسلام آباد سے نہیں نکالا جا رہا، غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو اسلام آباد میں رہنے کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی۔

اس موقع پر قائمقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں میں خواتین کی نمائندگی بڑھانے پر پاکستانی حکام کے ساتھ ملکر کام کر رہے ہیں۔

نیٹلی بیکر نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو پولیس افسران کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی پروقار تقریب کے انعقاد پر مبارکباد بھی دی۔

وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم علی آغا اور ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ رفعت مختار راجہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔