پنجاب کی دیہی خواتین کیلئے سی ایم پنجاب لائیوسٹاک کارڈ کا اجرا

Published On 29 December,2024 05:30 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت کی جانب سے دیہی خواتین کیلئے 2 ارب روپے کا پیکیج، سی ایم پنجاب لائیو سٹاک کارڈ کا اجرا کر دیا گیا۔

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے پنجاب کی دھی رانیوں کیلئے باعزت روزگار کے دروازے کھول دیئے، معاشی خودمختاری کیلئے 12 اضلاع کی 11 ہزار دیہی خواتین کیلئے 2 ارب روپے کا ریکارڈ پیکیج تیار کیا گیا ہے۔

دیہی خواتین کو پالنے اور روزگار کمانے کیلئے گائے اور بھینسیں مفت ملیں گی، ملتان، خانیوال، لودھراں، وہاڑی، بہاولپور، بہاولنگر اور رحیم یارخان میں دیہی خواتین کیلئے چیف منسٹر لائیوسٹاک پراجیکٹ جاری کر دیا گیا۔

ڈیرہ غازی خان، لیہ، مظفر گڑھ، راجن پور اور کوٹ ادو کے دیہات میں خواتین کو پالنے کیلئے مفت گائے اور بھینسیں ملیں گی، دیہات کی نادار خواتین گائے، بھینسیں پال کر باعزت روزگار کما سکیں گی۔

سی ایم لائیوسٹاک کارڈ سے 80 ہزار مویشی پال فارمر، 27 ہزار روپے فی جانور بلاسود قرض لے سکیں گے، پنجاب بھر میں مویشی پال فارمر رجسٹرڈ ڈیلر سے 2 لاکھ 70 ہزار تک ونڈا، منرل مکسچر اور سائلج خرید سکیں گے۔

لائیوسٹاک فارمر 4 ماہ تک مساوی اقساط میں بلاسود قرض سے ونڈا وغیرہ خرید سکیں گے، لائیوسٹاک کارڈ کے ذریعے چار لاکھ جانور میٹ ایکسپورٹ کیلئے تیار ہوں گے۔

مویشیوں کی دیکھ بھال میں آسانی کیلئے اینیمل آئیڈنٹی ٹریس ایبلٹی سسٹم کا نفاذ کیا گیا ہے، فارمر کیلئے ہیلپ لائن بھی فنکشنل ہے، آئن لائن رجسٹریشن کی سہولت بھی دستیاب ہے۔

فارمر کو فری ڈیگنگ، فری ان سیمی نیشن سروسز، ونڈا اورسائلج کی کوالٹی ٹیسٹنگ کی سہولتیں بھی میسر ہوں گی۔

مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ترقی کا سفر شروع ہے، سب شریک ہوں گے، دیہات میں رہنے والی خواتین کو نظر انداز نہیں کرسکتے، خوشحالی ہر دھی رانی کا حق ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ صوبہ کے لائیوسٹاک فارمر کا بھر پور ساتھ دیں گے، دودھ اور گوشت کی پیداوار بڑھانے سے مقامی ضروریات کے ساتھ ساتھ ایکسپورٹ بھی بڑھیں گی۔