کراچی انٹر بورڈ کے سالانہ امتحانات میں فیل طلبہ کو ریلیف ملنے کا امکان

Published On 30 January,2025 10:10 am

کراچی: (دنیا نیوز) انٹر بورڈ امتحانی نتائج سے متعلق خصوصی کمیٹی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔

ذرائع کے مطابق کراچی انٹر بورڈ کے سالانہ امتحانات میں فیل طلبہ کو ریلیف ملنے کا امکان ہے، سندھ اسمبلی کمیٹی نے فیل قرار دیئے گئے طلبہ کو 10 سے 30 نمبرز دینے پر غور شروع کر دیا۔

کمیٹی میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ اضافی نمبرز حاصل کئے گئے مارکس کے تناسب سے دیئےجائیں گے، فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی رپورٹ پر اضافی نمبرز دینے کا طریقہ کار وضع ہوگا، آئندہ ماہ کے وسط تک فیل طلبہ کو نمبر دینے سے متعلق فیصلہ کر لیا جائے گا۔

انٹر بورڈ کراچی کے سالانہ امتحانات میں ہزاروں طلبہ کو فیل قرار دیا گیا۔

کمیٹی کو تجویز دی گئی کہ امتحانی نتائج پر تقریباً 24 ہزار طلبہ نے سکروٹنی کیلئے درخواستیں دیں، اضافی نمبرز سکروٹنی کیلئے رجوع کرنے والے طلبہ کو ہی دیئے جائیں۔

سندھ اسمبلی کمیٹی کو آگاہ کیا گیا کہ گزشتہ سال کے امتحانی نتائج پر بنائی گئی انکوائری کمیٹی کی سفارشات پر عمل ہی نہیں ہوا، تعلیمی بورڈ کے جن افسران کو ذمہ دار قرار دیا وہ عہدوں پر موجود ہیں۔