صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی چڑیا گھر کے ٹکٹ کی قیمتوں پر وضاحت

Published On 02 April,2025 02:58 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے چڑیا گھر کے ٹکٹ کی قیمت میں اضافے سے متعلق وضاحت دے دی۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا یے کہ چڑیا گھر میں بڑوں کے لیے انٹری ٹکٹ 100 روپے ہی ہے اور 100 روپے میں 98 فیصد چڑیا گھر دیکھا جا سکتا ہے۔

سینئر صوبائی وزیر نے کہا ہے کہ ایکوریم کا ٹکٹ 200 اور ہولوگرام کا ٹکٹ 300 روپے الگ سے ہے، اس طرح چڑیا گھر دیکھنےکا مکمل پیکیج 500 روپے ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ بعض لوگوں نے ایکوریم کے ساتھ ملا کر 300 روپے کے ٹکٹ خریدے تھے اور بعض لوگوں نے ایکوریم اور ہولوگرام کو ملا کر 500 والے ٹکٹ خریدے تھے، اس طرح یہ غلط فہمی پیدا ہو گئی کہ چڑیا گھر کا ٹکٹ 300 یا 500 روپے ہو گیا ہے۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا ہے کہ ایکوریم اور ہولوگرام کے ٹکٹوں کے لیے الگ ونڈوز بنا دی ہیں، سسٹم ٹھیک کر دیا ہے، اب غلط فہمی نہیں ہو گی۔