اسلام آباد: (دنیا نیوز) میانمار زلزلہ متاثرین کیلئے بھیجی گئی دوسری امدادی کھیپ متعلقہ حکام کے حوالے کر دی گئی۔
ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق وزیر اعظم کی ہدایات پر 70 ٹن پر مشتمل امدادی سامان کی بروقت روانگی کو مؤثر طریقے سے یقینی بنایا گیا۔
پاکستان کی جانب سے میانمار میں زلزلہ متاثرین کیلئے 35 ٹن امدادی سامان کی دوسری کھیپ یانگون ایئرپورٹ پر میانمار حکام کے حوالے کی گئی، میانمار میں پاکستانی سفیر نے یانگون کے وزیر اعلیٰ کو امداد حوالے کی۔
یانگون کے وزیر اعلیٰ نے فوری امداد کی فراہمی پر حکومت پاکستان اور عوام کا شکریہ ادا کیا، امدادی سامان میں تیار کھانا، کمبل، ترپالیں، خیمے، ادویات اور پانی کے ماڈیولز شامل ہیں۔
ترجمان این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں میانمار کے زلزلہ متاثرین کے ساتھ کھڑا ہے۔