ہماری جوہری صلاحیت دفاعی مقاصد کیلئے اور امن کی ضامن ہے: سربراہان پاک افواج

Published On 28 May,2025 01:30 am

راولپنڈی: (دنیا نیوز) مسلح افواج، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، سروسز چیفس نے پاکستانی عوام کو یوم تکبیر پر دلی مبارکباد پیش کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یوم تکبیر اس موقع کی یاد دلاتا ہے جب پاکستان ایک جوہری طاقت کے طور پر ابھرا، یہ تاریخی کامیابی قوم کے عزم، اتحاد اور پرامن وجود کیلئے جستجو کی مظہر ہے، پاکستان کی سٹریٹجک صلاحیت ایک قومی امانت ہے، جو عوام کی امنگوں کی عکاسی کرتی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دن خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کیلئے پاکستان کے ثابت قدم عزم کو اجاگر کرتا ہے، پاکستان کی مسلح افواج تمام خطرات کیخلاف مادر وطن کے دفاع کیلئے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتی ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا مزید کہنا تھا کہ ہماری جوہری صلاحیت صرف اور صرف دفاعی مقاصد کیلئے ہے اور یہ امن کی ضامن ہے۔