علی ہجویریؒ کا مزار روحانی سکون، برداشت اور ہم آہنگی کا عظیم مرکز ہے: نوازشریف

علی ہجویریؒ کا مزار روحانی سکون، برداشت اور ہم آہنگی کا عظیم مرکز ہے: نوازشریف

صوبائی دارالحکومت میں مسلم لیگ ن کے صدر نوازشریف نے حضرت داتا گنج بخشؒ کے مزار پر حاضری دی، اُن کے ساتھ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار بھی نوازشریف کے ہمراہ تھے۔

اِس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے اُنہوں نے کہا ہے کہ حضرت علی ہجویریؒ کا مزار روحانی سکون، برداشت اور ہم آہنگی کا عظیم مرکز ہے، اور اس مقدس مقام پر آنے والے زائرین کی خدمت ایک قومی ذمہ داری ہے۔

صدر مسلم لیگ ن نے اِس امر پر زور دیا کہ زائرین کو زیادہ سے زیادہ سہولیات، سکیورٹی، صفائی اور سہولت کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور داتا دربار کے تقدس، تاریخی ورثے اور روحانی ماحول کے تحفظ کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

نوازشریف کا کہنا تھا کہ ہر سال ملک بھر سے اور بیرونِ ملک سے لاکھوں زائرین داتا دربار آتے ہیں، اور حکومت اس بات کے لیے پُرعزم ہے کہ زائرین کو جدید سہولیات فراہم کی جائیں جبکہ مزار کی مذہبی اور ثقافتی اہمیت کو مکمل طور پر برقرار رکھا جائے۔

اس سے قبل میاں نواز شریف اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے مزار پر فاتحہ خوانی کی، چادر چڑھائی اور پھول نچھاور کیے، انہوں نے ملک اور قوم کے امن، سلامتی، خوشحالی اور استحکام کے لیے دعا بھی کی۔
اسحاق ڈار
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ داتا دربار کی توسیع و ترقی کا منصوبہ ایک اہم اور تاریخی منصوبہ ہے جس کا مقصد لاکھوں زائرین کو سہولیات فراہم کرنا ہے، ایسے منصوبے مذہبی ورثے کے تحفظ اور عوام کو جدید و بہتر خدمات فراہم کرنے کے حکومتی ویژن کی عکاسی کرتے ہیں۔

مزار حاضری پر سیکرٹری/چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا، اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل اوقاف شاہد کلیانی، ایڈمنسٹریٹر محمد علی خان سمیت دیگر افسران اور منیجرز بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر احسان بھٹہ نے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کو داتا دربار کے توسیعی منصوبے اور جاری ترقیاتی کاموں کی تازہ ترین پیش رفت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کام کے معیار اور رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ اور ان کی پوری ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور اس اہم منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے ان کی محنت، لگن اور وابستگی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔