وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عوامی جوش و خروش پر بسنت کا وقت بڑھا دیا

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عوامی جوش و خروش پر بسنت کا وقت بڑھا دیا

پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز نے ایکس پر لکھا ہے کہ ‏یہ توسیع لاہور کے عوام کے لیے انعام ہے جنہوں نے بسنت کو بھرپور نظم و ضبط کے ساتھ منایا اور تمام حفاظتی ایس او پیز کی ذمہ داری سے پابندی کی۔

انہوں نے کہا کہ ‏براہِ کرم جشن محفوظ انداز میں جاری رکھیں، بجلی کے تاروں سے دور رہیں، اپنی چھتوں کو محفوظ بنائیں، اور تمام ہدایات پر عمل کریں، اس تاریخی بسنت کو سب کے لیے خوشگوار، محفوظ اور یادگار بنائیں۔

 قبل ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بسنت پر حفاظتی ایس او پیز پر عمل کرنے پر اہل لاہور کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ خوشی ہے کہ لاہور والوں نے ہمارے اعتماد کی لاج رکھی، شاباش لاہور،  لاہور آج بہت خوش ہے، میں بھی بہت خوش ہوں، لاہور والوں نے قواعدو ضوابط پر عمل کر کے محفوظ بسنت منانے میں اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ خوش و خرم مگر محفوظ بسنت کا تصور پوری طرح اپنایا گیا، مقررہ سائز اور مقررہ پنے کے علاوہ ممنوع ڈور استعمال کرنے کی اطلاعات نہیں ملیں۔

مریم نواز کا کہنا ہے کہ چھتوں پر ایس او پیز کے مطابق محفوظ بسنت منائی گئی، دھاتی تار استعمال نہ ہونے کی وجہ سے ٹرانسفارمر بھی محفوظ رہے، سیف بسنت کا تصور لاہور کے بعد دوسرے شہروں میں بھی اپنایا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہر علاقے میں 200 کلینک آن ویل اور 21 فیلڈ ہسپتال بھی متعین تھے، آج بسنت فیسٹیول کا آخری دن ہے، عوام احتیاط کا دامن نہ چھوڑیں۔