محسن نقوی کا ماڈل جیل اور پولیس ہاسٹل کا دورہ، تعمیراتی کام کا جائزہ لیا

محسن نقوی  کا ماڈل جیل اور پولیس ہاسٹل کا دورہ، تعمیراتی کام کا جائزہ لیا

وزیر داخلہ محسن نقوی نے ماڈل جیل اور زیر تعمیر ہاسٹل کے تعمیراتی کاموں پر پیشرفت کا جائزہ لیا، بیرکس کا معائنہ کیا، تعمیراتی کام کی رفتار و معیار پر اطمینان کا اظہار کیا۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں جدید ماڈل جیل کا قیام سکیورٹی کے پیشِ نظر بہت ضروری ہے، نیشنل پولیس اکیڈمی میں جدید انفراسٹرکچر کے قیام سے پولیس تربیت کا معیار مزید بلند ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہاسٹل کی تکمیل سے پولیس افسران کو بہترین رہائشی سہولتیں مہیا کی جا سکیں گی جبکہ تعمیراتی کام پر پیشرفت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی جس میں کہا گیا کہ جیل کی تعمیر کا منصوبہ 2011 میں شروع ہوا تھا اور کئی سال تعطل کا شکار رہا۔

وزیر داخلہ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ جیل منصوبے کے فیز ون کا 85 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، ڈیجیٹل مانیٹرنگ اور مرکزی کنٹرول روم بھی قائم کیا جائے گا۔

اس موقع پر آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصررضوی، چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا، ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور اور متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

خیال رہے کہ 15 برس سے زیر التواء اسلام آباد جیل کا منصوبہ صرف ایک برس میں تکمیل کے قریب ہے۔