خلاصہ
- تہران: (دنیا نیوز) روس اور ایران نے پاکستان اور افغانستان کو کشیدگی کم کرنے کے لیے ثالثی کروانے کی پیشکش کر دی۔
ایکس پر ایک بیان میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ ماہِ مبارک رمضان میں، جو ضبطِ نفس اور عالمِ اسلام میں یکجہتی کو مضبوط کرنے کا مہینہ ہے، یہ مناسب ہے کہ افغانستان اور پاکستان موجودہ اختلافات کو حسنِ ہمسائیگی کے دائرے میں اور مکالمے کے راستے سے سنبھالیں اور حل کریں۔
انہوں نے کہا کہ ایران ہر قسم کی مدد کے لیے تیار ہے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان مکالمے کو آسان بنایا جا سکے اور باہمی تفاہم و تعاون کو تقویت دی جا سکے۔
دوسری طرف روسی وزیرِخارجہ سرگئی لاوروف نے پاکستان اور افغانستان سے حملے فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔
روسی دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان پر فوری جنگ بندی کیلئے زور دیتے ہیں، دونوں ممالک اپنے اختلافات بات چیت کے ذریعے دور کریں، اختلافات سفارتی ذرائع سے حل کیے جائیں، دونوں ممالک چاہیں تو ثالثی کے لیے کردار ادا کر سکتے ہیں۔
ایران نے اس سے پہلے بھی دونوں ممالک کے درمیان ثالثی کی پیشکش کی تھی جب سرحدی کشیدگی بڑھ رہی تھی۔