خلاصہ
- کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے دورانِ حراست مبینہ تشدد کے معاملے پر پولیس افسران کیخلاف مقدمہ درج کرانے کیلئے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔
تحریک انصاف کے رہنما راجا اظہر اور فہیم خان نے فوجداری نوعیت کی متفرق درخواست سندھ ہائیکورٹ میں دائر کی ہے، درخواست گزاروں کے وکیل منیب خٹک ایڈووکیٹ کے مطابق 8 فروری کو کراچی کے علاقے کورنگی مہران ٹاؤن سے دونوں رہنماؤں کو پولیس حکام نے مبینہ طور پر اغوا کیا۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پولیس حراست کے دوران درخواست گزاروں کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا، جو کہ قانوناً جرم کے زمرے میں آتا ہے۔ عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ متعلقہ پولیس افسران کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا جائے۔
درخواست میں مزید بتایا گیا ہے کہ ماتحت عدالت نے پولیس حکام کی رپورٹ کی بنیاد پر مقدمہ اندراج کی درخواست مسترد کر دی تھی، درخواست میں ڈی آئی جی ایسٹ، ایس ایس پی کورنگی، ڈی ایس پی اور دیگر متعلقہ افسران کو فریق بنایا گیا ہے۔
عدالت کی جانب سے درخواست پر سماعت متوقع ہے۔