ریاست سے وفاداری ہر شہری کی ذمہ داری ہے: خواجہ آصف

ریاست سے وفاداری ہر شہری کی ذمہ داری ہے: خواجہ آصف

سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ "بات چیت کی ابتدا ریاست سے وفاداری اور مکمل اطاعت سے ہوتی ہے"۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں بعض افراد ایسے راستے پر چل رہے ہیں جو ریاستی مفادات کے خلاف ہے اور انہیں آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 5 کا مطالعہ کرنا چاہیے جو ریاست کے ساتھ غیر متزلزل وفاداری کا تقاضا کرتا ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ اس سے بھی اہم اللہ تعالیٰ کا یہ ارشاد ہے:

"جو لوگ اللہ اور اس کے رسولؐ سے جنگ کرتے ہیں اور زمین میں فساد پھیلانے کی کوشش کرتے ہیں، ان کی سزا یہ ہے کہ انہیں قتل کیا جائے، یا سولی چڑھا دیا جائے، یا ان کے ہاتھ اور پاؤں مخالف سمتوں سے کاٹ دیئے جائیں، یا انہیں ملک بدر کر دیا جائے۔ یہ ان کے لیے دنیا میں رسوائی ہے اور آخرت میں بڑا عذاب ہے۔"

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ریاستی نظم و ضبط، قانون کی بالادستی اور قومی یکجہتی کے اصولوں پر عمل ہی ملکی استحکام اور امن کی ضمانت ہے۔

خواجہ آصف کی یہ پوسٹ آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی و سماجی صورتحال کے تناظر میں سامنے آئی ہے، جس پر مختلف حلقوں کی جانب سے تبصرے اور ردعمل کا سلسلہ جاری ہے۔