محسن نقوی کی حافظ نعیم الرحمان سے ملاقات، خطے کی موجودہ صورتحال پر گفتگو

محسن نقوی کی حافظ نعیم الرحمان سے ملاقات، خطے کی موجودہ صورتحال پر گفتگو

ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی، معاشی اور امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، ایران امریکہ مفاہمت کے بعد خطے کی موجودہ صورتحال پر بھی بات چیت ہوئی۔

دونوں رہنماؤں نے ایران امریکہ مفاہمت کو خطے کے استحکام و امن کیلئے خوش آئند قرار دیا۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے ایران امریکہ مفاہمت پر پاکستان کے مخلصانہ کردار کو سراہا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایران امریکہ مذاکرات اور اس حوالے سے حکومتی اقدامات پر امیر جماعت اسلامی پاکستان کو اعتماد میں لیا۔

ملاقات میں امیر جماعت اسلامی نعیم الرحمان نے صومالیہ میں پھنسے پاکستانیوں کا معاملہ بھی اٹھایا اور وزیر داخلہ سے مطالبہ کیا کہ حکومت محصور پاکستانیوں کی فوری اور بحفاظت بازیابی کیلئے اپنا مؤثر سفارتی کردار ادا کرے۔

ملاقات میں ملکی معیشت کی بہتری اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ایران امریکہ مفاہمت کے حوالے سے پاکستان کے تاریخی کردار کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، پورے خطے میں پائیدار امن کی راہ ہموار ہوئی ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے امن کے لئے ناقابل فراموش کردار ادا کیا، خطے میں کشیدگی کے خاتمے کا کریڈٹ پاکستان کو جاتا ہے، اللہ تعالٰی کے حضور سربسجود ہیں کہ ہماری حقیر کاوشوں کو قبول فرمایا۔