رانا ثناء اللہ اور امیر مقام کے آزاد کشمیر میں جلسے، ن لیگ میں بڑی شمولیت کا اعلان

رانا ثناء اللہ اور امیر مقام کے آزاد کشمیر میں جلسے، ن لیگ میں بڑی شمولیت کا اعلان

دونوں رہنماؤں نے مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے والوں کو پارٹی پرچموں والے سکارف پہنائے، جبکہ ایل اے 13 کھائی رٹہ اور ایل اے 9 تھکیال فتح پور کے دوروں کے دوران کارکنوں نے بڑی ریلیوں کے ساتھ ان کا استقبال کیا۔

اس موقع پر گل پاشی کی گئی، دھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے گئے اور پارٹی قیادت کے حق میں نعرے لگائے گئے۔

جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ خان نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام اگر مسائل کا حل اور وعدوں کی تکمیل چاہتے ہیں تو شیر پر مہر لگائیں، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے آزاد کشمیر کا بجٹ دوگنا کیا تھا، آئندہ حکومت بننے پر اسے دس گنا تک بڑھایا جائے گا۔

وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دینے کا مطلب ترقی، عوامی خوشحالی اور وعدوں کی تکمیل ہے، انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت بنائیں، نواز شریف آپ کو ترقی کی ضمانت دیتے ہیں۔

بعد ازاں رانا ثناء اللہ خان اور انجینئر امیر مقام نے فتح پور میں مرحوم پارٹی کارکن ملک عاشق پرویز کے گھر جا کر اہل خانہ سے تعزیت، فاتحہ خوانی اور ہمدردی کا اظہار کیا۔

اس موقع پر رانا ثناء اللہ خان نے کہا کہ ملک عاشق پرویز نے پارٹی کے لیے گراں قدر خدمات انجام دیں، ان کی وفات مسلم لیگ (ن) کے لیے بڑا نقصان ہے، انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پارٹی کارکن ہماری عزت اور ہمارے دست و بازو ہیں۔