سپریم کورٹ کا پبلک فیسیلیٹیشن سینٹر مکمل طور پر فعال

سپریم کورٹ کا پبلک فیسیلیٹیشن سینٹر مکمل طور پر فعال

سپریم کورٹ کی پبلک فیسیلیٹیشن اینڈ لائزون آفیسر شمائلہ ناز نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ عوامی سہولت مرکز کی تمام خدمات سپریم کورٹ کی ویب سائٹ اور موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے بھی حاصل کی جا سکتی ہیں، جس سے سائلین گھر بیٹھے مختلف عدالتی سہولیات سے استفادہ کر سکتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اکتوبر 2025 سے اب تک تقریباً 58 ہزار سائلین کو پبلک فیسیلیٹیشن سینٹر کے ذریعے خدمات فراہم کی جا چکی ہیں۔ سائلین کی مزید رہنمائی اور معاونت کے لیے ایک کال سینٹر بھی قائم کیا جا رہا ہے۔

شمائلہ ناز کے مطابق عوامی سہولت مرکز میں مقدمات کی تفصیلات معلوم کرنے، نئے مقدمات کے اندراج، عدالتی احکامات کی نقول حاصل کرنے اور دیگر عدالتی خدمات کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔

اس کے علاوہ مرکز میں قانونی معاونت کا فیچر بھی شامل کر دیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو ابتدائی قانونی رہنمائی باآسانی دستیاب ہو سکے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ سپریم کورٹ کی ڈیجیٹل سہولیات میں جلد آٹو فکسیشن فیچر بھی شامل کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق آٹو فکسیشن پالیسی کے نفاذ سے مقدمات کو سماعت کے لیے مقرر کرنے کے عمل میں انسانی مداخلت ختم ہو جائے گی، جس سے شفافیت، تیز رفتاری اور انتظامی کارکردگی میں مزید بہتری آئے گی۔