اسحاق ڈار سے اردنی وزیر خارجہ کا رابطہ، غزہ کی صورتحال پر شدید تشویش

اسحاق ڈار سے اردنی وزیر خارجہ کا رابطہ، غزہ کی صورتحال پر شدید تشویش

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے غزہ اور مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔

ترجمان کے مطابق مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی آبادکاروں کی بار بار دراندازی اور فلسطینی نمازیوں پر عائد پابندیوں کی شدید مذمت کی گئی۔

دونوں رہنماؤں نے کہا کہ ایسے اشتعال انگیز اقدامات مقدس مقام کی پامالی، کشیدگی میں اضافے اور امن کو کمزور کرنے کا باعث بنتے ہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ اسحاق ڈار اور ایمن الصفدی نے اردن کی جانب سے عرب اور اسلامی ممالک کا ہنگامی اجلاس بلانے کی تجویز پر بھی مشاورت کی۔

ایمن الصفدی نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار اور سفارتی کوششوں کو سراہا۔

اسحاق ڈار نے فلسطینی عوام کے جائز حقوق کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے دو ریاستی حل کی بنیاد پر منصفانہ، پائیدار اور جامع امن کی حمایت کا اعادہ کیا۔

انہوں نے 1967 سے قبل کی سرحدوں پر مشتمل آزاد فلسطینی ریاست، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو، کے قیام سے متعلق پاکستان کے اصولی مؤقف کو بھی دہرایا۔