خلاصہ
- مظفرآباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی نے ایل اے-28 کے 71 پولنگ سٹیشنز پر انتخابی عملہ نہ پہنچنے پر الیکشن کمیشن کو شکایت ارسال کر دی۔
پاکستان پیپلزپارٹی آزاد جموں و کشمیر کے الیکشن سیل کے انچارج سردار عبدالشکور نے حلقہ ایل اے-28 میں پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار سید بازل نقوی کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر کو باضابطہ تحریری شکایت ارسال کرتے ہوئے 71 پولنگ سٹیشنز پر انتخابی عملہ مقررہ وقت تک نہ پہنچنے پر فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
شکایت میں کہا گیا ہے کہ پولنگ سٹیشنز پر انتخابی عملہ نہ پہنچنے کے باعث مقررہ وقت پر پولنگ کا آغاز نہیں ہو سکا، جس کے نتیجے میں صبح سے انتظار کرنے والے ووٹرز کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور بڑی تعداد میں شہری اپنے حق رائے دہی سے محروم ہونے کے خدشے سے دوچار ہیں۔
پاکستان پیپلزپارٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ تمام متاثرہ 71 پولنگ سٹیشنز پر فوری طور پر انتخابی عملہ تعینات کیا جائے، پولنگ کے ضائع ہونے والے وقت کے ازالے کیلئے پولنگ کے اوقات میں مناسب توسیع کی جائے تاکہ کوئی ووٹر اپنے حق رائے دہی سے محروم نہ رہے، جبکہ تمام متاثرہ پولنگ اسٹیشنز کا باقاعدہ ریکارڈ مرتب کیا جائے۔
مزید کہا گیا کہ پولنگ شروع ہونے کے اصل وقت کو دستاویزی شکل دی جائے اور اس سنگین انتظامی غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کر کے ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔