خلاصہ
- کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے نوجوان تاجر میر رضا کی آج ہونے والی قبر کشائی مؤخر کردی گئی۔
میر رضا کی قبر کشائی کے لیے تیسرا میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا گیا جس کا بھی نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
اس حوالے سے میر رضا قتل کیس کے وکیل جبران ناصر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ میڈیکل بورڈ سے متعلق تیسرا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے، پہلے اور دوسرے میڈیکل بورڈ کو ضم کرکے تیسرا میڈیکل بورڈ بنایا گیا ہے، ہم میڈیکل بورڈ کے تیسرے نوٹیفکیشن کو بھی نہیں مانتے، میر رضا کے والدین نے بیانات تفتیشی افسر کو ریکارڈ کروادیے ہیں۔
جبران ناصر نے کہا کہ مجسٹریٹ کو آگا ہ کردیا ہے کہ نیا میڈیکل بورڈ قابل قبول نہیں، جو اس بددیانتی کے پیچھے تھے وہ مکمل ناکام نہیں ہوئے، قبرکشائی کے عمل میں تاخیرکرائی، مقتول کے والد براہ راست وزیراعلیٰ سندھ سے سوال کررہے ہیں، واقعے کی سلیکٹیو ویڈیو دکھائی جارہی ہے، جب عدالت گئے تو گولی کا خول مل گیا، کچھ دیر بعد شاید گن بھی مل جائےگی۔
علاوہ ازیں پرانے میڈیکل بورڈ کی ٹیم کے کئی اراکین قبرستان پہنچ گئے کیونکہ پرانی ٹیم کے ارکان نئے نوٹیفکیشن سے لاعلم تھے۔
نئے میڈیکل بورڈ کے دو اراکین تاحال قبرستان نہیں پہنچے، میر رضا کی قبر کشائی کی کارروائی تاحال نہیں ہوسکی۔