خلاصہ
- مظفرآباد (محمد اسلم میر): آزاد کشمیر بھر میں یومِ آزادی پاکستان روایتی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا، جبکہ دارالحکومت مظفرآباد میں منعقدہ مختلف تقریبات میں پاکستان کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔
مظفرآباد میں یومِ آزادی کی مرکزی تقریب ہائی کورٹ گراؤنڈ میں منعقد ہوئی، جہاں صدر آزاد جموں و کشمیر چوہدری لطیف اکبر اور وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل راٹھور نے مشترکہ طور پر قومی پرچم لہرایا۔
دوسری جانب سپریم کورٹ آزاد کشمیر کے سبزہ زار میں بھی یومِ آزادی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ چیف جسٹس سپریم کورٹ آزاد کشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم نے قومی پرچم لہرایا۔ اس موقع پر سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس رضا علی خان، جسٹس خالد یوسف، چیف جسٹس ہائی کورٹ جسٹس لیاقت شاہین، جسٹس شاہد بہار اور وکلا کی بڑی تعداد موجود تھی۔
پرچم کشائی کے بعد پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی، جبکہ چیف جسٹس نے دیگر جج صاحبان کے ہمراہ جشنِ آزادی کی مناسبت سے کیک بھی کاٹا، تقریب میں اسکول کے بچوں نے ملی نغمے پیش کیے، جن سے شرکا کا جذبۂ حب الوطنی مزید اجاگر ہوا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس سپریم کورٹ آزاد کشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت نے تمام اختیارات ایک لیفٹیننٹ گورنر کے حوالے کر رکھے ہیں، جبکہ آزاد کشمیر میں پاکستان نے عوام کو سپریم کورٹ، ہائی کورٹ اور قانون ساز اسمبلی سمیت جمہوری ادارے فراہم کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام اپنے ووٹ کے ذریعے صدر، وزیراعظم اور حکومت کا انتخاب کرتے ہیں۔ ان کے بقول آزاد کشمیر کو حاصل آزادی پاکستان کی بدولت ہے۔
جسٹس راجہ سعید اکرم نے کہا کہ پاکستان ایک مضبوط ایٹمی دفاعی طاقت ہے اور پاک فوج نے پاکستان کو دنیا کی بڑی دفاعی قوتوں میں شامل کیا ہے۔ انہوں نے ملکی دفاع کے لیے مسلح افواج کی خدمات کو سراہا۔
تقریب کے اختتام پر بچوں کے ملی نغموں نے ماحول کو ملی جذبے سے سرشار کیے رکھا، جبکہ شرکا نے پاکستان کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ بعد ازاں چیف جسٹس سپریم کورٹ آزاد کشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم نے جشنِ آزادی کی خوشی میں کیک کاٹا۔